چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے رمضان المبارک کی آمد پر مستحق خواتین کے لیے خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی سہ ماہی قسط اب بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔
بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ لائیو ای کچہری کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد مستحق خواتین کو پہلے 13 ہزار 500 روپے کی بجائے 14 ہزار 500 روپے ادا کیے جائیں گے۔
چیئرپرسن نے مزید کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام کی رقوم میں بھی 500 روپے اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ماؤں اور بچوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ پوری رقم وصول کریں اور کسی بھی قسم کی کٹوتی برداشت نہ کریں، اور شکایات کی صورت میں BISP ہیلپ لائن 080026477 یا قریبی دفتر سے رابطہ کریں۔









