31

پاک فضائیہ کے تجربات سے استفادے پر انڈونیشیا کی دلچسپی کا اظہار

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورے کے دوران انڈونیشیا کے صدر پربوو سوبیانتو سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انڈونیشین صدر نے پاک فضائیہ کے جدید تربیتی نظام اور ایرو اسپیس ترقیاتی ڈھانچے سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتیں بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

قبل ازیں ائیر چیف نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجافری سجامسو الدین، مسلح افواج کے کمانڈر اور انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ سے بھی علیحدہ علیحدہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں دونوں جانب سے فضائی افواج کے مابین تعاون، بنیادی سے جدید سطح تک مشترکہ تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور ابھرتے ایرو اسپیس شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے جنگی تجربے اور تربیتی مہارت کو سراہتے ہوئے آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ میں معاونت کی خواہش ظاہر کی۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو دوطرفہ فضائی تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار پر انڈونیشین فضائیہ کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز “میڈل آف آنر” بھی عطا کیا گیا۔

مزید برآں، انڈونیشین وزیر دفاع اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں دفاعی و سلامتی سے متعلق وسیع امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ انڈونیشین قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدیدیت کے عمل اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی جدید تکنیکی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

یہ دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون، فضائی روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔