87

دسمبر 2026 تک کے-4 منصوبہ مکمل، کراچی کو پانی کی نئی سپلائی، احسن اقبال

ٹھٹھہ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ K-4 منصوبے کے تحت کراچی کو یومیہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا اور منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

K-4 منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر دورہ کیا گیا اور واپڈا کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی ابتدائی لاگت 120 ارب روپے تھی، جسے وفاقی حکومت برداشت کر رہی ہے، تاہم نظرِ ثانی کے بعد لاگت 170 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ دسمبر 2026 تک پانی کراچی شہر تک پہنچا دیا جائے گا، جبکہ شہر کے اندر پانی کی تقسیم کا نظام سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ لائننگ کا کام جاری ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور معاشی چیلنجز کا مقابلہ مشترکہ طور پر کرنا ہوگا اور کراچی پاکستان کا بڑا معاشی اثاثہ اور "انجن آف گروتھ" ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر موٹر وے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک سے معاہدہ ہو چکا ہے اور منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔