امریکا سے تعلق رکھنے والا ایک مسافر اپنی منزل نکاراگوا کے شہر مناگوا جانا چاہتا تھا، مگر غلطی سے ایسی پرواز پر سوار ہوگیا جو اسے جاپان لے گئی۔
واقعہ لاس اینجلس ائیرپورٹ سے پیش آیا۔ مسافر کو ہیوسٹن کے راستے مناگوا پہنچنا تھا، مگر وہ ایسی پرواز میں بیٹھ گیا جو ٹوکیو جا رہی تھی۔ اسے دورانِ پرواز اس وقت شک ہوا جب اس نے فضائی عملے سے سوال کیا کہ لاس اینجلس سے ہیوسٹن پہنچنے میں چھ گھنٹے کیوں لگ رہے ہیں، حالانکہ یہ سفر عام طور پر تین گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے۔
یونائیٹڈ ائیرلائنز کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ مسافر غلط طیارے میں کیسے سوار ہوا۔ ترجمان کے مطابق کمپنی نے مسافر سے رابطہ کر کے معذرت کی، ٹکٹ کی رقم واپس کی اور ٹریول کریڈٹ بھی فراہم کیا۔
پرواز ٹوکیو ائیرپورٹ پر اتری جہاں مسافر نے دو راتیں ہوٹل میں قیام کیا۔ بعد ازاں کمپنی نے اسے مطلوبہ منزل تک پہنچانے کا انتظام کیا۔
فضائی کمپنی نے ابتدائی طور پر 300 ڈالر کا ٹریول کریڈٹ دینے کی پیشکش کی، بعد میں اسے بڑھا کر ایک ہزار ڈالر کر دیا گیا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بورڈنگ پاس کے باوجود مسافر غلط پرواز میں کیسے پہنچا، کیونکہ عام طور پر اس طرح کی غلطی کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔









