31

20 سالہ لڑکی لاپتہ، کمرے میں 5 فٹ لمبی سانپ کی کھال ملی

اتر پردیش کے گاؤں سنگن پور میں ایک 20 سالہ لڑکی کی پراسرار گمشدگی نے پورے علاقے میں خوف و ہراس اور افواہوں کو جنم دے دیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق لڑکی اتوار کی رات معمول کے مطابق اپنے کمرے میں سو گئی تھی، لیکن پیر کی صبح جب والدہ نے اسے جگانے کی کوشش کی تو وہ وہاں موجود نہیں تھی۔ بستر پر اس کے کپڑے اور زیورات پڑے تھے اور ان کے قریب تقریباً 5 فٹ لمبی سانپ کی کھال بھی موجود تھی، جس نے گھر والوں کو شدید صدمے میں ڈال دیا۔

خبر پھیلنے کے بعد گاؤں میں افواہوں کا بازار گرم ہوگیا اور بعض افراد نے اسے توہم پرستی سے جوڑ کر 'اچّھا دھاری ناگن' جیسے دعوے کرنا شروع کر دیے۔ مزید یہ کہ جس کمرے میں لڑکی سو رہی تھی وہاں فرش میں سانپ کا ایک بل بھی ملا۔

اہلِ خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ شدید پریشان ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی جلد از جلد بحفاظت واپس آجائے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے لڑکی کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور گمشدہ لڑکی کو ڈھونڈنے کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پولیس حکام نے کہا کہ لڑکی کے سانپ میں تبدیل ہونے کی خبریں صرف افواہیں ہیں اور کسی پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی گھر سے موبائل فونز تحویل میں لے لیے گئے ہیں تاکہ کال ریکارڈ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی جا سکے۔

گاؤں کے رہائشیوں نے بھی محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے اور اہلِ خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔