صنعت کاروں اور عام مسافروں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، کیونکہ پاکستان کی فضائی صنعت میں دو نئی ایئرلائنز عنقریب اپنے آپریشنز کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ اس پیش رفت سے نہ صرف اندرون و بیرون ملک سفر مزید آسان ہو جائے گا بلکہ ایئر کارگو کے شعبے میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور متعلقہ ایئرلائنز نے ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ایک نئی مسافر ایئرلائن ’’ایئر کراچی‘‘ کے نام سے مئی یا جون میں اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی، جو ابتدا میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور سکھر کے درمیان ڈومیسٹک روٹس پر سروس فراہم کرے گی۔ منصوبہ بندی کے مطابق ایک سال کے اندر بین الاقوامی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی۔
ادھر صنعت کاروں کے لیے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ معروف کورئیر کمپنی ٹی سی ایس بھی فضائی کارگو کے شعبے میں قدم رکھنے جا رہی ہے۔ ٹی سی ایس نے بوئنگ 747-400 سیریز کا کارگو طیارہ شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے برآمدات اور درآمدات کے عمل میں تیزی آئے گی اور مقامی بزنس کو بڑا سہارا ملے گا۔
اس کے علاوہ ایک اور مقامی کارگو ایئرلائن بھی اپنے بیڑے میں مزید بوئنگ طیارہ شامل کر رہی ہے، جس سے پاکستان اور بیرونِ ملک ایئر کارگو نیٹ ورک میں خاطر خواہ وسعت متوقع ہے۔
ماضی میں ایئر کارگو کا شعبہ زیادہ تر غیر ملکی ایئرلائنز کے زیرِ اثر رہا، تاہم اب مقامی کمپنیوں کی شمولیت سے مقابلے کی فضا پیدا ہوگی، جس کا براہِ راست فائدہ ملکی معیشت، صنعت اور مسافروں کو پہنچے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک مثبت موڑ ثابت ہو سکتی ہے، جو روزگار کے مواقع، بہتر سہولیات اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا سبب بنے گی۔









