37

خواجہ آصف: بھیک مانگنا اب منظم اور منافع بخش کاروبار بن گیا

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں بھیک مانگنا اب ایک منظم اور منافع بخش کاروبار بن چکا ہے، جس کے پیچھے طاقتور مافیا سرگرم ہے۔ ان کے مطابق بھیک مانگنے والے نیٹ ورکس کروڑوں روپے کماتے ہیں اور اس مقصد کے لیے بچوں، خواتین اور جعلی معذور افراد کو بھرتی کیا جاتا ہے۔

خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ بڑی تعداد میں بھیک مانگنے والوں کو خلیجی ممالک بھیجا جا رہا ہے، جس کے باعث متعلقہ ممالک نے پاکستانی شہریوں پر ویزا پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ایک گھناؤنا کاروبار ہے، جس میں ہوائی اڈوں پر تعینات مختلف محکموں کے اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت بھی سامنے آئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ میں جنوبی پنجاب سے آ کر بھیک مانگنے والے گروہ طویل عرصے سے سرگرم ہیں، تاہم انتظامیہ اور پولیس کی کارروائیوں کے نتیجے میں بھیک مانگنے والوں کے خلاف نمایاں کمی آئی ہے۔

خواجہ آصف نے زور دیا کہ بھیک مانگنے والوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے اور اس نیٹ ورک کے ساتھ دیگر جرائم بھی منسلک ہیں، جن کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔