138

انڈونیشیا میں دنیا کا سب سے لمبا جنگلی اژدھا دریافت، گنیز ورلڈ ریکارڈ کی تصدیق

انڈونیشیا میں دنیا کا سب سے لمبا جنگلی اژدھا دریافت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی باقاعدہ تصدیق گنیز ورلڈ ریکارڈز نے کر دی ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ غیر معمولی اژدھا انڈونیشیا کے علاقے ماروس (Maros) میں پایا گیا، جس کی لمبائی 23 فٹ 8 انچ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شواہد اور پیمائش کی جانچ کے بعد اسے دنیا کا سب سے لمبا جنگلی سانپ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اژدھا اس وقت جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کی نگرانی میں ہے، جہاں اس کی دیکھ بھال اور حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس سانپ کی نگہداشت کرنے والوں میں ڈیاز نوگراہا اور معروف نیچرل ہسٹری فوٹوگرافر رادو فرینتیو شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس اژدھے سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں سننے کے بعد اس کی تلاش شروع کی تھی، جو بالآخر اس تاریخی دریافت پر منتج ہوئی۔

ماہرین کے مطابق یہ دریافت نہ صرف جنگلی حیات کے حوالے سے اہم ہے بلکہ سانپوں کی جسامت اور قدرتی ماحول سے متعلق تحقیق میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔