40

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع کو ماڈل گڈ گورننس بنانے کا فیصلہ، خصوصی پیکج کا اعلان

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو ماڈل گڈ گورننس اضلاع میں تبدیل کرنے اور ان اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے سول حکومت، انتظامیہ، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں۔

پریس سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعرات کو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس کے علاوہ اعلیٰ سول، فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں مختلف دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے عام شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو مرحلہ وار ماڈل گڈ گورننس اضلاع میں تبدیل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے امن کی بحالی اور عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت واپسی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سول حکومت، انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ہم سب کی ہے اور اسے مشترکہ کوششوں سے ہی جیتا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی، مواصلات، صحت، تعلیم، روزگار، بنیادی سہولیات اور دیگر عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے خصوصی پیکج دیا جائے گا۔

فورم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پائیدار استحکام کے لیے جن علاقوں سے عارضی نقل مکانی ہوئی ہے، وہاں متاثرہ افراد کی مکمل دیکھ بھال، بحالی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، تاکہ یہ عارضی مشکلات مستقبل میں امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بن سکیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بشمول فوج، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کو بروئے کار لاتے ہوئے امن کے قیام اور متاثرین کی واپسی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔