چین کی ایک معروف سپر مارکیٹ چین کے بانی یو ڈونگ لائی نے بڑھاپے اور مختلف دائمی امراض کے باوجود یخ پانیوں میں پھنسے ایک شخص کی جان بچا کر سب کو حیران کر دیا۔ یہ واقعہ 21 جنوری کو صوبہ ہینان کے دریائے رو کے کنارے پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق یو ڈونگ لائی اپنے دوستوں کے ہمراہ گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے کہ انہوں نے ایک ایس یو وی گاڑی کو یخ پانی میں پھنسا ہوا دیکھا، جس کے اندر ایک شخص موجود تھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے 60 سالہ یو ڈونگ لائی نے فوراً اپنا کوٹ اتارا اور گھٹنوں تک ٹھنڈے پانی میں اتر گئے۔
ایک دوست کے سردی سے متعلق سوال پر یو ڈونگ لائی نے تین بار کہا کہ انہیں سردی محسوس نہیں ہو رہی۔ انہوں نے ایک رسی پکڑی اور مہارت کے ساتھ اسے پھنسی ہوئی گاڑی سے باندھ دیا، جس کے بعد قریب موجود گاڑی کی مدد سے ایس یو وی کو باہر نکال لیا گیا۔
ریسکیو کا یہ عمل تقریباً دس منٹ میں مکمل ہوا اور گاڑی میں موجود ڈرائیور کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ یو ڈونگ لائی کے ایک دوست نے بتایا کہ وہ عام لوگوں کے درمیان رہنا اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا پسند کرتے ہیں، اپنی شہرت کو کبھی رکاوٹ نہیں بننے دیتے اور کسی قسم کے صلے کے طلبگار نہیں ہوتے۔
پھنسی ہوئی گاڑی کے ڈرائیور نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ یو ڈونگ لائی کے مداح ہیں اور اسی امید پر وہاں موجود تھے کہ شاید ان سے ملاقات ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کبھی اندازہ نہیں تھا کہ اپنے پسندیدہ شخص سے اس طرح ملاقات ہوگی۔
واضح رہے کہ یو ڈونگ لائی اس سے قبل بھی بتا چکے ہیں کہ وہ اپنی کمپنی کے منافع کا صرف پانچ فیصد اپنے پاس رکھتے ہیں جبکہ باقی 95 فیصد ملازمین کے فلاحی فنڈ اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرتے ہیں۔









