فلور ملز مالکان نے خیبرپختونخوا حکومت کے آٹا فارمولا کو مسترد کر دیا ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر نعیم بٹ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج گندم کا نرخ 13 ہزار 500 روپے فی ٹن ہے، جس کے باعث 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
نعیم بٹ نے خبردار کیا کہ حکومت کا موجودہ فارمولا فلور مل انڈسٹری بند کر سکتا ہے اور رمضان میں آٹے کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صرف 15 سو ٹن گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ انتہائی کم ہے اور صنعت کے نقصان کا باعث بنے گا۔
صدر فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو قیمتیں آسمان کو چھو سکتی ہیں اور عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فارمولا عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے اور قابل عمل نہیں۔
فلور ملز مالکان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر گندم کی سپلائی اور نرخوں کا جائزہ لیا جائے تاکہ صنعت اور عوام دونوں متاثر نہ ہوں۔









