89

وزیراعظم شہباز شریف کا سول سروس اصلاحات پر زور، عوام کی فلاح اولین ترجیح

وزیراعظم شہباز شریف نے سول سروسز کو ملکی گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کے بنیادی ڈھانچے کے طور پر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سول سروسز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت سول سروسز میں مجوزہ اصلاحات کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سول سروسز اصلاحات پر کام کرنے والی کمیٹی کو افسران کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ترقی، مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام کی سفارشات مرتب کرنے کی خصوصی ہدایات دی گئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد موثر عوامی خدمت اور سہولیات کی فراہمی کے ذریعے عوام کی زندگی میں واضح بہتری لانا ہے اور یہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی سیکریٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لیے جامع اور مؤثر نظام ترتیب دیا جائے اور اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی سول سروس کی مجموعی بہتری کے لیے نہایت ضروری ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سول سروس اصلاحات میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت کی جائے، اور کمیٹی ایسی سفارشات مرتب کرے جو قابل عمل، دیرپا اور عوامی سہولت کا باعث ہوں۔