112

نادرا کی بڑی پیش رفت، دفتری مراحل اب مزید تیز اور آسان

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک بڑی اور انقلابی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب شناختی کارڈ سے متعلق ریکارڈ گھر بیٹھے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اپ ڈیٹ کیا جا سکے گا۔

نادرا کے مطابق اس سہولت کا مقصد شہریوں کو نادرا دفاتر کے چکر، طویل انتظار اور سفری مشکلات سے نجات دلانا ہے۔ نئی سروس کے ذریعے شہری اپنے قومی شناختی کارڈ (NIC) اور نادرا اوورسیز پاکستانیز کارڈ (NICOP) سے متعلق نان پرنٹیبل معلومات آن لائن درست کر سکیں گے۔

نادرا حکام کا کہنا ہے کہ پاک آئی ڈی ایپ میں مرحلہ وار اور آسان ہدایات فراہم کی گئی ہیں تاکہ صارفین بغیر کسی دشواری کے قواعد کے مطابق معلومات اپ ڈیٹ کر سکیں۔ اس سروس کے لیے معمولی فیس مقرر کی گئی ہے اور یہ سہولت تیز، محفوظ اور صارف دوست ہے۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل سہولت کے فروغ سے نہ صرف عوام کو آسانی میسر آئے گی بلکہ قومی ڈیٹا میں شفافیت اور درستگی بھی بڑھے گی۔ آن لائن ریکارڈ اپ ڈیٹ ہونے سے غلطیوں کے امکانات کم ہوں گے اور شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔

نادرا نے واضح کیا کہ یہ اقدام ادارے کی ڈیجیٹائزیشن پالیسی کا تسلسل ہے، جس کا مقصد شناختی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور زیادہ سے زیادہ خدمات آن لائن فراہم کرنا ہے۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی شناختی معلومات کو بروقت اور درست رکھیں۔