117

وزیراعظم شہباز شریف: بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے

کوئٹہ میں سیاسی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی دہشت گردوں نے مشکلات پیدا کیں، اور حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو ہمسایہ ملک سے مکمل سپورٹ دی جارہی ہے، اور فیلڈ مارشل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی ترقیاتی کاموں کی تفصیل دیتے ہوئے بتایا کہ این ایف سی کے تحت صوبوں کو وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، اور اُس وقت کے وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی نے این ایف سی میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا، جس پر پنجاب نے قیادت کی۔ پنجاب اپنے حصے کے 11 ارب روپے بلوچستان کو منتقل کرتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم مل سکے، جبکہ کراچی سے چمن تک چار رویہ سڑک کا افتتاح بھی آج کیا جا رہا ہے، جو صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔