47

خیبر پختونخوا میں نئی موٹر ویز کا جال بچھانے کا بڑا فیصلہ

خیبر پختونخوا میں نئی موٹر ویز کی تعمیر کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت روڈ سیکٹر کے فلیگ شپ منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے بڑے موٹر وے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سوات موٹروے فیز ٹو، پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے اور دیر موٹروے کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور تعمیراتی عمل تیز کرنے سے متعلق اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سوات موٹروے فیز ٹو پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، لہٰذا تمام تکنیکی اور انتظامی مسائل بلا تاخیر حل کیے جائیں۔

80 کلومیٹر طویل سوات موٹروے فیز ٹو چکدرہ انٹرچینج سے فتح پور تک تعمیر کی جائے گی، جس میں 9 انٹرچینجز اور دریائے سوات پر مختلف مقامات پر 7 پل شامل ہوں گے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے 365 کلومیٹر طویل پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کا بھی جلد سنگِ بنیاد رکھنے کا عندیہ دیا۔ اس موٹروے میں 19 انٹرچینجز اور 2 ٹنلز تعمیر کیے جائیں گے۔ ڈی آئی خان موٹروے اور سوات موٹروے فیز ٹو دونوں منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں۔

دیر موٹروے منصوبے کے حوالے سے اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر صوبائی وسائل سے تعمیر کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عملی کام کے آغاز کے لیے قانونی اور انتظامی تقاضے تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کر کے ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی۔