63

کیلاش قبیلے کا مذہبی و ثقافتی تہوار چاموس روایتی جوش و خروش سے اختتام پذیر

چاموس تہوار کے دوران مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں جو کیلاش ثقافت اور عقائد کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ فیسٹیول میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کیلاش قبیلے کی منفرد ثقافت، روایات اور طرزِ زندگی کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کیا۔

محکمہ سیاحت کے مطابق فیسٹیول کے دوران ٹورازم پولیس کی جانب سے سیاحوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ لواری ٹنل اور کیلاش وادیوں کو جانے والے راستوں پر پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک کی ذمہ داریاں انجام دیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چاموس تہوار کو موسمِ سرما کے استقبال، خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر آپس میں محبت، اتحاد اور امن کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے گئے۔

محکمہ سیاحت کے مطابق کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی سیاحوں کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منایا جا سکے۔