وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کی تیاریوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے عازمینِ حج کو سعودی عرب لے جانے اور واپس پاکستان لانے کے لیے چار فضائی کمپنیوں سے معاہدے طے کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حج 2026 کے لیے عازمین کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)، سعودی ایئرلائن اور دو پاکستانی نجی فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت پی آئی اے 49 ہزار 20 سرکاری عازمینِ حج کو سعودی عرب منتقل کرے گی، جبکہ سعودی ایئرلائن 47 ہزار 690 عازمین کو فضائی خدمات فراہم کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو پاکستانی نجی فضائی کمپنیاں مجموعی طور پر ساڑھے 22 ہزار عازمینِ حج کو سفری سہولیات مہیا کریں گی۔ وزارتِ مذہبی امور نے تمام متعلقہ فضائی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ حتمی فلائٹ شیڈول جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عازمین کو بروقت اور منظم سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمینِ حج کو فضائی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج انتظامات کو بہتر بنانے اور عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جا رہے ہیں۔









