74

سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی دو وزراء کے خلاف اشتہاری کارروائی شروع

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دو دیگر صوبائی وزراء کے خلاف اشتہاری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔اے ٹی سی اسلام آباد کے مطابق سہیل آفریدی، مینا آفریدی اور شفیع اللّٰہ کو عدالت میں طلب کیا گیا، تاہم ملزمان پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث عدالت نے ان کے خلاف اشتہاری کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی اور دیگر کے خلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے متعدد بار ملزمان کو طلب کیا مگر پیشی نہ ہونے کی وجہ سے یہ قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

اس کیس کے تحت متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں اور عدالت کے احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔