140

پاکستان اور روس تیل کے شعبے میں ممکنہ معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں

پاکستان اور روس کے درمیان تیل اور توانائی کے شعبے میں ممکنہ تعاون کے معاملات زیرِ غور ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے روسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دونوں ممالک کے توانائی کے ادارے تیل کی تلاش، پیداوار اور ریفائننگ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بات چیت کر رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب کے مطابق اگر روس اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ معاہدے پر رضامند ہوتا ہے تو یہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اس وقت معاملہ دونوں ممالک کی وزارتوں کی سطح پر زیرِ غور ہے۔

پہلے نومبر میں روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیولیف نے بھی بتایا تھا کہ روسی کمپنیوں کی شمولیت سے پاکستان میں ایک آئل ریفائنری کو اپ گریڈ کرنے پر بات ہوئی ہے، جسے توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے روابط کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

پاکستان نے 2023 میں روسی خام تیل کی خریداری کا آغاز کیا تھا، اور موجودہ مذاکرات اس کوشش کا حصہ ہیں کہ توانائی کے درآمدی اخراجات کم کیے جائیں۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ممالک نئے اسٹیل پلانٹ کے قیام کے امکانات پر بھی غور کر رہے ہیں۔

پاکستان کی پالیسی اب امداد پر نہیں بلکہ تجارت اور سرمایہ کاری پر مرکوز ہے، اور روس کے ساتھ تعاون اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔