59

دفتر خارجہ: آرمی پبلک اسکول سانحہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے قومی عزم کی علامت

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں کی قربانی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے قومی عزم کی ایک روشن اور ناقابل فراموش علامت ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اور دہشت گردی کے باعث ملک میں اب تک 90 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جو قوم کی امن و سلامتی کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قربانیاں پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف کردار اور غیر متزلزل عزم کی زندہ یاد دہانی ہیں، اور پاکستانی عوام کی قربانیوں نے نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے اور دنیا بھر میں بے شمار قیمتی جانیں بچائی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل فیصلہ کن اور مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو سرحد پار سے سرگرم دہشت گرد عناصر کے مستقل خطرات کا سامنا ہے، اور بعض دہشت گرد گروہوں کو مخالفین کی جانب سے معاونت حاصل ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو تسلیم کرے اور اس چیلنج سے نمٹنے میں تعاون کو فروغ دے۔