ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورک کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق حملے میں ملوث خودکش بمباروں کا تعلق ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم سے تھا، جنہوں نے واردات سے قبل چند روز پشاور میں قیام کیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آوروں نے پشاور میں قیام کے دوران شہر کے مختلف راستوں سے واقفیت حاصل کی، جبکہ انہیں خودکش جیکٹس اور رہائش کی فراہمی میں سہولت کاری بھی کی گئی۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی منظم نیٹ ورک کے تحت کی گئی۔
حکام کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے کے کیس میں اب تک 150 سے زائد افراد سے تفتیش مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ سہولت کاروں اور دیگر روابط کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایف سی ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے خودکش حملے میں تین اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہوئے تھے، جبکہ خودکش بمبار سمیت تین حملہ آور سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارے گئے تھے۔









