171

کے پی حکومت کا بڑا فیصلہ: سرکاری بھرتیوں کا پورا نظام اب ایٹا کے سپرد

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اداروں میں بھرتیوں کے طریقہ کار میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تمام جاری اور مستقل بھرتیوں میں انٹرنل ریکروٹمنٹ اور دیگر ایجنسیوں کے ذریعے تقرریوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت صوبے کے تمام محکموں میں اسامیوں پر بھرتی کا عمل اب صرف ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلوایشن اتھارٹی (ایٹا) کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی متبادل طریقہ کار کی اجازت صرف متعلقہ سیکریٹری کی خصوصی منظوری سے ہی دی جا سکے گی۔

محکمہ لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹو کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ محکمے میں جاری تمام بھرتیوں کو فوری طور پر ایٹا کے ساتھ منسلک کیا جائے۔

تمام دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ بھرتیوں کے اشتہارات، ٹیسٹ شیڈول، امتحانات اور نتائج کے مراحل میں ایٹا کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے، جبکہ نئی ہدایات پر عمل درآمد کی سات روز میں رپورٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق نئے فیصلے کا مقصد بھرتیوں میں شفافیت، میرٹ اور موثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔