مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی خالی ہونے والی نشست پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔ ضمنی انتخاب کے لیے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد مجموعی طور پر تین امیدوار میدان میں تھے، تاہم احسن افضل خان اور عبدالجبار نے اپنے کاغذات واپس لے لیے۔ دونوں امیدواروں کے دستبردار ہونے کے بعد عابد شیر علی واحد امیدوار رہ گئے جس کے نتیجے میں انہیں بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔
وزیراعظم کا مبارکباد کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے عابد شیر علی کو بلا مقابلہ کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوامی خدمت کی بدولت ہر محاذ پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق عابد شیر علی پارٹی کے فعال رہنما ہیں اور بطور سینیٹر میاں نواز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔









