محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی علاقوں میں 5 دسمبر کو ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی جاری کی ہے۔ 4 دسمبر کی رات سے 5 دسمبر تک کمزور مغربی ہوا کا سلسلہ شمالی حصوں کو متاثر کرے گا۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی اسی دوران بارش یا برفباری کے امکانات ہیں۔ تاہم دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور گجرانوالہ میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کی توقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
بابوسر اور ملحقہ علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 1 سے 3 ڈگری کمی متوقع ہے۔









