39

سہیل آفریدی کا پی کے پولیس اور سول افسران کو حوصلہ افزائی: انسداد دہشت گردی کے لئے کوششوں اُور عزم کا اظہار

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سیاست میں کام نہیں کرتے وہ بھی مداخلت کر رہے ہیں، اور بند کمروں کے فیصلے مزید قبول نہیں ہوں گے۔

سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا کے 21 سالہ دہشت گردی کے مقابلے میں پولیس کی قربانیوں کو قابلِ فخر قرار دیا اور کہا کہ جس جوانمردی سے افسران دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے عوام اور اللہ کی رضا کے لیے کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن بحال کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کو سیکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے اور شہید سول سرونٹس کے اہل خانہ کے لیے خصوصی پالیسی تیار کی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کوئی رعایت نہیں ہوگی اور سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز کے ذریعے ناپی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایمان، حوصلے اور عزم کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔

تقریب میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ افسران، پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر پولیس اور سول انتظامیہ کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بعض لوگ انصاف دینے کے بجائے مداخلت کرتے ہیں، جس سے حالات بگڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا اور فیصلہ سازی صرف عوام کے لیے کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔