100

مستند دستاویزات والوں کو نہ روکا جائے، ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن مسافروں کے پاس مکمل اور مستند سفری دستاویزات موجود ہوں، انہیں بیرونِ ملک سفر سے روکنا کسی صورت درست نہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ جعلی یا نامکمل دستاویزات استعمال کرنے والے افراد ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، اس لیے غیر قانونی طور پر بھیجے جانے والے افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیرِ داخلہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دو گھنٹے طویل اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن سرگرمیوں، عملے کی حاضری اور مسافروں کے مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کرکے ان کے تجربات اور شکایات بھی سنیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ 7 نومبر کو ایک مسافر کی جانب سے امیگریشن کا کم عملہ ہونے کی شکایت پر فوری انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے معاملے کی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ مسافروں کو اس نوعیت کی شکایات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیرِ داخلہ نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمت یا بیرونِ ملک مواقع کا جھانسہ دے کر شہریوں کو دھوکا دینے والے ایجنٹس کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ امیگریشن نظام کو زیادہ شفاف، مؤثر اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ ملک کی ساکھ بہتر ہو اور عوام کا اعتماد بحال رہے۔