33

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کے عوام کی نہیں قیدی کی فکر ہے:عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا منشور دھرنے اور احتجاج ہے جب کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کے عوام کی نہیں قیدی کی فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں عوام کو مفت کینسر ادویات کی فراہمی کے بعد اب مفت پلاٹس کی تقسیم بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کے بعد ’اپنی زمین اپنا گھر‘ پروگرام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خوش نصیب مستحق افراد کو خود فون کرکے پروگرام میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار گھر تعمیر ہو رہے ہیں، جبکہ آئندہ 5 سال میں 5 لاکھ گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “ایک صوبے کا وزیرِ اعلیٰ آج بھی دھرنا دھرنا کھیل رہا ہے، جبکہ پنجاب میں مریم نواز لوگوں کو گھر اور مفت پلاٹ دے رہی ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کی قسمت میں دھرنے ہیں اور کسی کی خدمتِ خلق۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا منشور ہمیشہ عوام کی خدمت رہا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کا منشور دھرنے اور احتجاج کے گرد گھومتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 2 ماہ سے ساڑھے 4 کروڑ آبادی کا صوبہ (خیبر پختونخوا) بے یار و مددگار ہے۔