55

خیبر پختونخوا: پاک فوج بارودی سرنگوں کی صفائی میں مصروف، خطرناک آپریشن جاری

پاک فوج قبائلی علاقوں میں خوارج کے چھوڑے گئے بارودی مواد اور سرنگوں کو تلف کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وار آن ٹیرر کے دوران خوارج نے خیبر پختونخوا میں وسیع پیمانے پر بارودی سرنگیں بچھائی تھیں تاکہ سیکیورٹی فورسز کا راستہ روکا جا سکے۔

انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ڈی مائننگ کا عمل شروع کیا، جس میں کل 114 مربع کلومیٹر علاقے میں بارودی مواد کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اب تک 82 مربع کلومیٹر علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کیا جا چکا ہے۔

ڈی مائننگ کے دوران پاک فوج کے 5 جوان شہید اور 115 جوان معذور ہو چکے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو حادثات سے محفوظ رکھنا ہے، کیونکہ اکثر نادانستگی میں بچے اور نوجوان بارودی مواد سے کھیلتے ہوئے حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

26 نومبر کو باجوڑ کی تحصیل خار کے گاؤں جنت شاہ میں 2 نوجوان خوارج کے چھوڑے گئے بارودی مواد پھٹنے سے جاں بحق ہوئے، جبکہ لکی مروت اور دیگر علاقوں میں بھی ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ علاقوں کی ڈی مائننگ پر شب و روز کام جاری ہے تاکہ قبائلی عوام مکمل طور پر محفوظ ہو سکیں۔