85

عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر بہنوں کا اڈیالہ روڈ پر دھرنا، کارکنان کی بڑی تعداد جمع

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی بہنیں علیمہ خان اور دیگر بہنیں اڈیالہ روڈ پر دھرنے پر بیٹھ گئیں، جس کے دوران شدید نعرے بازی اور احتجاج دیکھنے میں آیا۔

آج عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن تھا، جس کے لیے پی ٹی آئی کارکنان اڈیالہ جیل کے اطراف جمع ہونا شروع ہوگئے۔ علیمہ خان دیگر بہنوں کے ہمراہ گورکھ پور ناکے پر پہنچی، جہاں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا اور نعرے لگائے۔ پولیس نے گورکھ پور اور داہگل ناکے پر حفاظتی پوزیشنیں سنبھال لیں اور بہنوں کو مزید آگے جانے کی اجازت دینے سے انکار کیا، جس پر مزید کارکنان وہاں جمع ہوگئے۔

علیمہ خان کارکنوں کے ساتھ گاڑی میں اڈیالہ جیل کی جانب روانہ ہوئیں جبکہ کارکنان جلوس کی شکل میں پیدل ان کے ساتھ چلتے رہے۔ راولپنڈی فیکٹری ناکے پر پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آئے، پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو سڑک کے کنارے جانے کی ہدایت کی، تاہم کارکنان نے شدید نعرے بازی جاری رکھی۔

دھرنے کے باعث فیکٹری ناکے سے اڈیالہ روڈ مکمل طور پر بند ہوگیا، جس کے نتیجے میں اسکولوں اور کالجوں سے گھر جانے والے طلبہ سمیت عام مسافر بھی شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔