96

پاکستانی سیاستدانوں کے ایکس اکاؤنٹس کی لوکیشن منظر عام

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے صارفین کی شفافیت اور معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی اور دیگر پروفائلز کی اصل لوکیشن دیکھ سکیں گے۔ نئے فیچر کے تحت کسی بھی اکاؤنٹ کے ملک یا علاقے کی معلومات پروفائل پر موجود "جوائنڈ" یعنی اکاؤنٹ بنانے کی تاریخ پر کلک کرنے سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

ایکس کے ہیڈ آف پراڈکٹ کے مطابق، یہ فیچر صارفین کو پلیٹ فارم پر موجود مواد کی صداقت جانچنے اور اکاؤنٹس کے اصل مقام کی تصدیق کرنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایسے ممالک جہاں اظہارِ رائے پر پابندیاں موجود ہیں، وہاں پرائیویسی ٹولز شامل کیے گئے ہیں تاکہ صارف صرف اپنا علاقہ دکھا سکے اور تفصیلی لوکیشن ظاہر نہ ہو۔

صارفین کو اپنی لوکیشن ملک، خطہ یا علاقہ ظاہر کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے، اور ڈیفالٹ کے طور پر ملک دکھایا جائے گا۔ فیچر آئی پی ایڈریس اور دیگر پبلک ڈیٹا پوائنٹس کی بنیاد پر کام کرے گا، اور اگر صارف نے اپنی لوکیشن چھپائی ہو تو سسٹم قریب ترین مقام دکھانے کی کوشش کرے گا۔

نئے فیچر کے بعد پاکستانی سیاستدانوں کے اکاؤنٹس کی لوکیشن بھی سامنے آ گئی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کا اکاؤنٹ غربی ایشیا میں، نواز شریف کا اکاؤنٹ متحدہ عرب امارات میں، جبکہ مولانا فضل الرحمن کا اکاؤنٹ جرمنی سے آپریٹ ہو رہا ہے۔

ایکس کے مطابق، مستقبل میں صارفین کے لیے مزید طریقے متعارف کرائے جائیں گے تاکہ وہ پلیٹ فارم پر نظر آنے والے مواد کی تصدیق اور شفافیت کو یقینی بنا سکیں۔