51

بنوں ریجن میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کاروائی: تین اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے بنوں ریجن میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران تین اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق تمام آپریشنز میں فورسز کے اہلکار محفوظ رہے جبکہ مقامی آبادی نے بھرپور تعاون کیا۔

ترجمان کے مطابق شیری خیل اور پکہ پہاڑ خیل میں بڑے پیمانے پر کیے گئے آپریشن میں 10 دہشتگرد مارے گئے، 5 زخمی ہوئے اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا۔ ہلاک افراد میں خطرناک کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں۔ نصر خیل میں پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک اور مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوا۔

ڈومیل میں فتنہ الخوارج کے خلاف آٹھ گھنٹے طویل آپریشن میں مزید 6 دہشتگردوں کو مارا گیا، جبکہ ہوید میں پولیس اور امن کمیٹیوں کی کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کو پسپا ہونا پڑا۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے بنوں ریجن کی پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائیوں پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے پاک کیا جائے گا۔ ان کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔