41

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں: 2 آپریشنز میں 15 دہشت گرد ہلاک، جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے موثر اقدامات جاری رکھتے ہوئے 15 اور 16 نومبر کو دو الگ الگ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز ملک دشمن عناصر کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے مقصد سے کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں کیا گیا، جہاں فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ پراکسی گروپ "فتنہ الخوارج" کے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگرد علاقے میں بڑے حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔

دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے دتہ خیل علاقے میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے ٹھوس اطلاعات پر عمل کرتے ہوئے مزید پانچ دہشتگردوں کو مار گرایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تمام دہشتگرد ریاست مخالف کارروائیوں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث رہے تھے۔

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ دونوں علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔