104

پی ٹی آئی کی لاہور ہائی کورٹ میں حکمِ امتناع کی درخواست تیار

پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اعجاز شفیع کے مطابق پارٹی پیر کے روز آئینی درخواست دائر کرے گی، جس میں بل کی متعدد شقوں کو آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز 17، 32 اور 140-اے سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مجوزہ "غیر جماعتی" اور "ایک ووٹ، ملٹی ممبر یونین کونسل" کا ماڈل جمہوریت اور سیاسی جماعتوں کے کردار کو کمزور کرے گا۔ اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی اداروں سے اختیارات چھین کر انتظامی افسران کو دینا اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے اصول کے خلاف ہے، جبکہ مالیاتی کنٹرول مرکز کے پاس رکھنے سے بلدیاتی خودمختاری ختم ہو جائے گی۔ پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل چیئرمین کے براہ راست انتخاب کو بحال کیا جائے، بلدیاتی اداروں کی پانچ سالہ مدت آئینی طور پر مقرر کی جائے اور انتخابی شیڈول فوری جاری کیا جائے۔
پارٹی کی جانب سے عدالت سے حکمِ امتناع کی درخواست بھی دائر کی جائے گی تاکہ متنازع شقوں پر عمل درآمد روکا جا سکے اور بلدیاتی جمہوریت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔