57

افغانستان کے ساتھ مذاکرات خوش آئند ہیں لیکن وفاقی حکومت نے اس معاملے پرخیبرپختونخوا کو اعتماد میں نہیں لیا: وزیراعلی سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پارٹی کے تمام ارکانِ اسمبلی متحد اور قیادت کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات خوش آئند ہیں لیکن وفاقی حکومت نے اس معاملے پر صوبے کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا مرکزی اسٹیک ہولڈر ہے اور صوبے کی رائے کے بغیر اہم فیصلے نہیں ہونے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے دہشتگردی کے واقعات تشویشناک ہیں، اور فوج و پولیس کے شہداء کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔ ’’میری ہمدردی صرف پاکستان کے ساتھ ہے،‘‘ انہوں نے واضح کیا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر این ایف سی میٹنگ ہوئی تو بھرپور شرکت کریں گے اور صوبے کے جائز حقوق کا مطالبہ کریں گے۔ ’’خیبر پختونخوا کو پرانی گاڑیاں نہیں بلکہ اس کا حق چاہیے،‘‘ انہوں نے کہا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے انتخاب سے لے کر وزارتِ اعلیٰ تک پارٹی کا کوئی رکن منحرف نہیں ہوا۔ صوبے میں گڈ گورننس پی ٹی آئی کی کامیابی کی بنیاد ہے اور ’’ہم اس بار بھی پہلے کی طرح ڈیلیور کریں گے۔‘‘