ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے سیٹھی ٹاؤن کے ایک مکان سے سرکاری اسپتالوں کی ادویات برآمد کرلیں، جبکہ دو افراد کو گرفتار کر کے مکان کو سیل کر دیا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق، کارروائی اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کی قیادت میں محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ کی گئی۔ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں غیر قانونی اور ممکنہ طور پر جعلی ادویات ذخیرہ کی جا رہی ہیں۔
چھاپے کے دوران ایک رہائشی مکان سے بڑی مقدار میں حکومتی اسپتالوں کے لیے مخصوص ادویات برآمد ہوئیں جنہیں غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔
انتظامیہ نے ادویات کو موقع پر ضبط کر کے مکان کو سیل کر دیا اور گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر عوام کی صحت سے کھیلنے کے مرتکب ہیں، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ڈی سی پشاور نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں غیر معیاری یا مشکوک ادویات کی فروخت جاری ہے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا محکمہ صحت کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔









