113

پاکستان میں دیوالی کی رونقیں، صدر، وزیراعظم کی ہندو برادری کو مبارکباد

پاکستان میں ہندو کمیونٹی کی جانب سے روشنیوں کا تہوار دیوالی جوش و خروش اور مذہبی احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر مندروں، ہندو کمیونٹی کے گھروں اور کمیونٹی سینٹرز میں چراغاں، پوجا پاٹھ اور میل جول کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

مسلمان ہم وطن بھی دیوالی کے موقع پر ہندو کمنیونٹی کی خوشیوں میں شریک ہوئے جس سے بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا پیغام ابھرا۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو دل کی گہرائیوں سے دیوالی کی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ دیوالی ‘امن، ہمدردی اور ہم آہنگی کی آفاقی اقدار’ کی یاد دلاتی ہے جو تمام مذاہب میں مشترک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو برابر کے حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ ہم ایک ایسے معاشرے کے لیے پرعزم ہیں جہاں ہر مذہب کے لوگ باہمی عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزاریں۔

صدر مملکت نے ہندو برادری کے پاکستان میں تعلیم، تجارت، اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیوالی کی روشنی آپ کے گھروں کو خوشیوں سے منور کرے اور ان رشتوں کو مضبوط کرے جو ہمیں ایک قوم کے طور پر جوڑے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو کمیونٹی کو دیوالی کے ‘پر مسرت’ موقع پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی مذہبی و ثقافتی تنوع ہی اس کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسا کہ گھر اور دل دیوالی کی روشنی سے منور ہوئے ہیں، میری دعا ہے کہ یہ تہوار تاریکی کو دور کرے، ہم آہنگی کو فروغ دے، اور ہم سب کو امن، ہمدردی اور مشترکہ خوشحالی کے مستقبل کی طرف رہنمائی کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی کی روح جو اندھیرے پر روشنی، برائی پر اچھائی، اور مایوسی پر امید کے غلبے کا پیغام دیتی ہے، ہمارے معاشرے کو عدم برداشت سے لے کر عدم مساوات تک درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کو تحریک دیتی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئیے ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں کہ ہر شہری خواہ وہ کسی بھی مذہب یا پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، امن سے رہ سکے اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔

بلاول بھٹو زرداری کا پیغام

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دیوالی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ روشنی ہمیشہ اندھیرے پر غالب آتی ہے، اور سچ، امن اور محبت نفرت اور تقسیم سے بالاتر ہوتے ہیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ترقی پسند اور ہم آہنگ پاکستان کے لیے پرعزم ہیں جہاں تمام مذاہب کے لوگ باوقار انداز میں رہیں۔

بلاول نے ہندو برادری کے پاکستان کی ثقافتی اور قومی زندگی میں ‘بیش بہا کردار’ کو سراہا اور سب کو محبت، اتحاد اور اُمید کے پیغام کو اپنانے کی تلقین کی۔

ہندو برادری کے مستحق افراد کیلئے راشن پیکجز

دیوالی کے موقع پر الخدمت پاکستان کی جانب سے ٹنڈو آدم، گھوٹکی اور دیگر شہروں میں ہندو برادری کے مستحق افراد کو راشن پیکجز بھی فراہم کیے گئے۔