وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ عوام کے مستقبل سے متعلق فیصلے بند کمروں میں نہیں بلکہ عوام کی مشاورت سے ہوں گے، کسی کو بھی فیصلے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر جاری بیان میں وزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا کہ 25 اکتوبر کو ضلع خیبر، تحصیل باڑہ میں ایک بڑا امن جرگہ منعقد کیا جائے گا، جس میں قبائلی مشران، عمائدین، نوجوان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جرگہ میں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر شرکت کی جائے گی، اور عوامی مشاورت سے امن، ترقی اور مستقبل کی سمت کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت بانی چیئرمین کے نظریے اور صوبے کے عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ قبائلی عوام کو نظر انداز کرنا یا ان پر فیصلے مسلط کرنا ماضی کی غلطی تھی، جو دوبارہ نہیں دہرائی جائے گی۔ خیبر پختونخوا کی حکومت ہر فیصلہ عوام کی .مشاورت سے کرے گی تاکہ دیرپا امن قائم ہو









