خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اب 13 اکتوبر بروز اتوار صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس میں نئے قائد ایوان یعنی وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل اجلاس 20 اکتوبر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا، تاہم تازہ سیاسی پیش رفت کے بعد تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق اب اجلاس کا واحد ایجنڈا نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔
ادھر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ پاکستانتحریک انصاف نے دیگر جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ پارٹی وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور جے یو آئی قائدین سے ملاقات کی، جس میں سہیل آفریدی کی حمایت کی درخواست کی گئی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق خیبرپختونخوا میں قیادت کی تبدیلی سے نہ صرف صوبے کی سیاسی فضا میں ہلچل پیدا ہوئی ہے بلکہ ایوان میں نئی صف بندیوں کا امکان بھی بڑھ گیا ہے۔









