لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بھارت پر سخت تنقید کرتے ہوئے پہلگام واقعے کو "بڑا ڈرامہ" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 لاکھ فوج کے ہوتے ہوئے نامعلوم افراد کی کارروائی ناقابل یقین ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ہی لوگوں کو مروا کر دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتا ہے، جبکہ پاکستان ہمیشہ بہتر تعلقات چاہتا رہا ہے۔ آفریدی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کبڈی ٹیم پاکستان آسکتی ہے مگر کرکٹ ٹیم نہیں آسکتی۔
پی ایس ایل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس نے لیگ بنائی، اسے ہی اسے آگے لے کر چلنا چاہیے تھا، اور فرنچائز مالکان کے مالی نقصان کے دعووں پر بھی سوال اٹھایا۔
کرکٹ ٹیم پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کپتان کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے اور بہانوں سے گریز کرنا چاہیے۔ ہاکی کی زبوں حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے قومی کھیل پر توجہ دینے کی اپیل کی۔
آرمی چیف سے ملاقات پر انہوں نے واضح کیا کہ ملاقات کھلے عام ہوئی اور کسی کی چغلی نہیں کی۔









