روہت شرما، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان، جو کبھی فون اور کبھی پاسپورٹ بھولنے کے لیے مشہور ہیں، اس بار چیمپئنز ٹرافی 2025ء جیتنے کے بعد ٹرافی بھی بھول گئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں روہت شرما کو پریس کانفرنس کے بعد چیمپئنز ٹرافی کو بھول کر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ بھارتی کپتان اپنی بھولنے کی عادت کے سبب پہلے ہی بدنام ہیں، کبھی صحیح وقت پر مناسب الفاظ کا انتخاب بھول جاتے ہیں اور کبھی اپنا آئی فون اور پاسپورٹ۔
یاد رہے کہ 2 سال پہلے ایشیاء کپ کی جیت کے بعد، بھارتی کپتان سری لنکا سے بھارت جانے کے لیے اپنا پاسپورٹ ہوٹل میں ہی بھول گئے تھے۔
اس کے علاوہ، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز امام الحق نے اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ بابر اعظم نے روہت شرما کا آئی فون گم ہونے سے بچایا تھا۔ امام الحق کے مطابق، ورلڈ کپ 2023ء سے پہلے ٹیموں کے کپتانوں کی ملاقات کے دوران، روہت شرما نے نیا آئی فون اور ایئر پوڈز خریدے تھے، اور بابر اعظم نے دو مرتبہ ان کا آئی فون واپس کیا۔









