دبئی: چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل بھارتی ٹیم نے دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں سخت پریکٹس کی، جہاں بیٹرز نے اپنی بیٹنگ کو مزید بہتر بنایا اور بولرز نے اسپن اور پیس اٹیک پر کام کیا۔
روہت شرما، ویرات کوہلی اور شبمن گل نے نیٹس میں طویل بیٹنگ سیشنز کیے، جبکہ ہارڈک پانڈیا، کے ایل راہول اور رویندرا جڈیجا نے بڑے شاٹس کھیلنے پر توجہ دی۔ اسپنر ورون چکرورتی نے بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ ٹریننگ کو بھی ترجیح دی، تاکہ اپنی مہارت میں مزید نکھار لاسکیں۔
بھارتی بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے اس تاثر کو رد کردیا کہ دبئی میں بھارتی ٹیم کو "ون وینیو ایڈوانٹیج" حاصل ہے، ان کا کہنا تھا کہ جیت اور ہار کا تعلق صرف کارکردگی سے ہے، نہ کہ کسی مخصوص وینیو سے۔
بھارت ہفتے کی دوپہر اپنا آخری پریکٹس سیشن کرے گا، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم شام میں آئی سی سی اکیڈمی میں اپنی تیاریاں مکمل کرے گی۔ دونوں ٹیمیں فائنل میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی، جہاں ایک زبردست مقابلہ متوقع ہے!









