275

خیبر پختونخوا میں حادثات کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے پیش نظر تمام گاڑیوں ، ٹانگہ اور موٹر سا ئیکلوں پر چمک دار پٹی لگانے کیلئے صوبائی پولیس آفیسر کو تحریری ہدایت جاری کردی ہیں ۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری نے عوامی مفاد اور قیمتی انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کی غرض سے ہر قسم کی گاڑیوں جن میں موٹر سائیکل اور ٹانگہ بھی شامل ہیں پر حفاظتی چمک دار پٹی نصب کرنے اور اس بارے بھر پور عوامی مہم چلانے کیلئے صوبائی پولیس آفیسر ، ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی حکومتوں کے حکام کومجوزہ آلات کی تنصیب بارے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

چیف سیکرٹری کے صوبائی پولیس آفیسر کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بڑھتے ہوئے موٹر سائیکل کے حادثات میں نوجوانوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کو مد نظر رکھتے ہوئے مجوزہ چمک دار پٹی کی تنصیب عمل میں نہ لانے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی اورمصروف شاہراہوں پر اُن کا داخلہ بند کیا جائے اورصوبے بھر میں مجوزہ آلات کی تنصیب بارے آگاہی مہم ہوائی فائرنگ کی روک تھام کی طرز پر چلانے کی ہدایت کی گئی ہے اِس کے علاوہ تعلیمی اداروں اورجمعے کے خطبات میں بھی گاڑیوں میں حفاظتی آلات کی تنصیب بارے آگاہی پھیلانے پر زور دیا گیا ہے ۔