پشاور۔پشاور کے گنجان آباد علاقے بیرون رامداس میں خود ساختہ سبزی منڈی قائم ہوگئی ٗ سینکڑوں ہتھ ریڑھیوں نے نصف سڑک پر قبضہ جما لیا ٗ فٹ پاتھ بھی غائب ہوگئے ٗ جس سے ٹریفک جام معمول بن گیا ٗ پیدل چلنے والوں کے ساتھ خواتین اور بچوں کا گزر بھی محال ہو گیا ہے ٗ ٹریفک اہلکارسبزی سے بھرے تھیلے ملنے پر کاروائی سے اجتناب برت رہے ہیں ٗ مصروف ترین شاہراہ رامداس چوک سے متصل سرکلر روڈ پر ہیتھ ریڑھیوں پر سبزی فروخت کرنے والوں نے خود ساختہ سبزی منڈی قائم کر دی ہے ٗرامداس چوک سے باڑہ بس سٹاپ تک ہتھ ریڑھیوں کی بھرمار ہے ٗ ان افراد نے نہ صرف نصف سڑک پر قبضہ جمایا ہوا ہے بلکہ فٹ پاتھ پر بھی سبزیوں کے ڈھیر لگا رکھے ہیں جس سے ایک جانب ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے تو دوسری طرف پیدل چلنے والے خصوصاً خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ٗ ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکاروں کو شام کے اوقات میں سبزی بھرے تھیلے مل جاتے ہیں جس پر وہ ان کے خلاف کاروائی سے اجتناب کرتے ہیں جبکہ کسی بھی کاروائی سے قبل انہیں آگاہ کر دیتے ہیں رامداس چوک ڈبگری گارڈن ٗ کوہاٹ روڈ ٗ سول کوارٹر اور سرکلر روڈ سے آنے والی بھاری ٹریفک کا ہمہ وقت رش رہتا ہے تاہم خود ساختہ سبزی منڈی سے ٹریفک نظام درہم برہم کردیا ہے ٗ پشاور کی ضلعی اور ٹاؤن ون انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
116









