4

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے وفد کی تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقات

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے اعلیٰ حکام پر مشتمل مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے وفد نے ایرانی قیادت سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، کشیدگی میں کمی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ترکیے کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن شامل تھے۔ ایرانی حکام کے مطابق وفد نے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ 

ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی سلامتی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ اس دورے کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے، سفارتی رابطوں کو فروغ دینے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ 

ایرانی حکام کے مطابق چار ملکی اجلاس کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جس پر ایران نے آمادگی ظاہر کی۔ اس ملاقات کو خطے میں اعتماد سازی اور مشترکہ سلامتی کے معاملات پر مشاورت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ 

تاہم ملاقات میں زیرِ بحث تمام امور اور کسی ممکنہ مشترکہ اعلامیے سے متعلق مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔