بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندانا نے اپنے شوہر وجے دیوراکونڈا پر سوشل میڈیا کے ذریعے تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے خاندان کو جانے بغیر اس پر تنقید کرنا آزادیٔ اظہار نہیں بلکہ ہراسانی ہے۔
رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا نے حال ہی میں پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں شرکت کی، جہاں وجے نے انکشاف کیا کہ رشمیکا نے انہیں شادی کیلئے تقریباً 100 مرتبہ کہا تھا۔
وجے کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ’ریڈ فلیگ‘ قرار دیا، جس پر رشمیکا نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنے شوہر کا دفاع کیا۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اپنے شوہر سے محبت ہے اور شادی کیلئے بار بار اپنی خواہش کا اظہار کرنے میں کوئی برائی نہیں۔
رشمیکا کے مطابق وجے کو شادی کے عملی معاملات پر غور کرنے کیلئے وقت درکار تھا، تاہم اس وجہ سے ان کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
اداکارہ نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص یا اس کے خاندان کے بارے میں مکمل آگاہی کے بغیر تبصرے کرنا مناسب نہیں۔ ان کے بقول آزادیٔ اظہار کی آڑ میں کسی کو ہراساں نہیں کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا رواں سال 26 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔









