5

پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم نے امریکا میں ٹائٹل جیت لیا

پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم نے امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پیراگوئے کو 11-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ٹورنامنٹ ’ورلڈ کمز ٹو دی پام بیچز، پاورڈ بائی پراسپیکٹ وائر‘ 21 سے 25 اکتوبر تک ویسٹ پام بیچ کے کیکٹی پارک میں کھیلا گیا۔ یہ گراؤنڈ ہیوسٹن آسٹروز اور واشنگٹن نیشنلز کی اسپرنگ ٹریننگ کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

پاکستانی ٹیم نے فائنل میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پیراگوئے کے خلاف 11 رنز بنائے، جبکہ حریف ٹیم کوئی رن بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اس طرح پاکستان نے 11-0 کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرکے انڈر 18 کیٹیگری کا ٹائٹل جیت لیا۔

30 سے زائد ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت

یہ ایونٹ 2017 میں شروع ہوا تھا، جس میں اب تک چھ براعظموں کے 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی شرکت کرچکے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں انڈر 12، انڈر 15، انڈر 18 اور 18 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کیلئے اوپن کیٹیگری کے مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔

پاکستان کی انڈر 18 ٹیم کو پاکستان بیس بال ایسوسی ایشن نارتھ امریکا نے منظم کیا۔ ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر ٹیم کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے پروگرام کی ترقی اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا اور انہیں اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

پاکستانی ٹیم کی یہ کامیابی ملک میں بیس بال کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔