45

پیشہ ور گداگروں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں

پشاور۔خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں منشیات فروشوں اور پیشہ ور گداگروں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر گرینڈ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں کہا ہے کہ منشیات کی لعنت ہمارے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا اور خاص طور پر نوجوان نسل کوبری طرح متاثر کررہی ہے،ایسے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور حکومت ان کے خلاف بھرپور کاروائی کرے گی تاکہ معاشرے کو اس عفریت سے پاک کیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ گداگری بھی پیشہ کا روپ اختیار کرچکی ہے اور اس سلسلے میں پیشہ ور گداگروں کی وجہ سے جہاں عام لوگ پریشان ہوتے ہیں وہاں ان میں سے کئی ایک گداگر مجرمانہ کاروائیوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

انہوں نے مقامی انتظامیہ کو اس سلسلے میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عوام کی کسی بھی شکایت کا ازالہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اپنے حلقہ نیابت پی کے- 73 کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں متعلقہ حکام کو یہ ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر وزیر خزانہ نے اہل علاقہ کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کی بھی یقین دہانی کرائی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حلقہ نیابت کے عوام کے مسائل حل کرنا اور علاقے کی ترقی و خوشحالی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ریگی ماڈل ٹاؤن کا مسئلہ کافی عرصے سے چلا آرہا ہے جس کے حل کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے خود نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کوٹھوس بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔نجی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں سے متعلق اہل علاقہ کے بعض تحفظات کے سلسلے میں تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں،کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی کو صرف مجوزہ قوانین کے تحت ہی کام کرنے کی اجازت دی جائیگی۔