اسلام آباد۔سپریم کورٹ نے (ن) لیگ کے رہنما طلال چوہدری کی نااہلی کیخلاف نظرثانی درخواست مستردکردی۔ جمعرات کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما طلال چوہدری کی توہین عدالت نظرثانی درخواست کی سماعت ہوئی،جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،دوران سماعت طلال چوہدری کے وکیل نظرثانی درخواست میں عدالت کودلائل سے مطمئن نہ کرسکے، جس پر لیگی رہنما کی توہین عدالت نظرثانی درخواست مستردکردی گئی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2018 کے انتخابات سے قبل توہین عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کو پانچ سال کیلئے نااہل قراردیاتھاجس کیخلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی تھی۔









