31

امریکی طیارے کی بغیراجازت پاکستانی فضائی حدود میں انٹری

کراچی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پاکستانی فضائی حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے والے طیارے کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔سی اے اے کے ذرائع نے بتایا کہ امریکا کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا تھا، یہ طیارہ مسقط سے ہوتا ہوا کراچی ریجن میں داخل ہوا تھا۔تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارے کے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ سے پاکستان میں داخل ہونے کا اجازت نامہ اور کوڈ طلب کیا، جس پر پائلٹ نے اسے بتانے سے انکار کردیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پائلٹ کے انکار پر سول ایوی ایشن کے ایئرکنٹرولر نے غیرملکی طیارے کو وارننگ دی، جس پر طیارے کو واپس جانا پڑا۔ساتھ ہی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والا طیارہ امریکی ٹرانسپورٹ پلان تھا۔علاوہ ازیں مذکورہ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیرملکی طیارے کی فضائی حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے کی اطلاع اعلی حکام کو بھی دے دی۔