47

باجوڑ میں قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام کا افتتاح

پشاور۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں وزیراعظم کے قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ضلع باجوڑ میں زیتون کی کاشت اور تیل حاصل کرنے کے پلانٹ، گھریلو مرغبانی کی تقسیم،کسانوں میں بیج کی تقسیم اور ڈیری سے منسلک زمینداروں میں چیلرز کی تقسیم کا بھی افتتاح کر دیا ہے جبکہ لائیو سٹاک کے اہلکاروں میں موٹر سائیکل بھی تقسیم کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے جنگلی زیتون کے درختوں کی گرافٹنگ کے منصوبے کا اعلان کیا جبکہ ضلع باجوڑ کے محکمہ زراعت ولائیو سٹاک میں پراجیکٹ ملازمین کی مستقلی کا بھی اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ تمام قبائلی اضلاع کے طلباء کیلئے میڈیکل کالجوں کی سیٹوں کے کوٹے میں اضافے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

 وزیراعلیٰ نے ضلع باجوڑ تحصیل خار کے مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنر باجوڑ کو پی سی ون جلد تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں لیویز اور خاصہ دار فورس کاپولیس میں انضمام ایک بڑا چیلنج تھا جس کو صوبائی حکومت نے خوش اسلوبی سے سر کیا ہے۔ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے اگلے دس سالوں میں 1,000 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ موثر منصوبہ بندی کے تحت ضرورت کے مطابق قبائلی اضلاع  میں   ڈیمز، کالجز، سکولز، بنیادی صحت مراکز، سڑکیں اور دیگرانفراسٹرکچر اور خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی بہت جلد باجوڑ مین روڈ پر کام شروع کرے گی  جس کی تکمیل سے یہاں کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ صوبے کے نوجوانوں کو ٹیکنکل تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موجودہ ٹیکنکل کالج میں اصلاحات لائیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو ٹیکنکل یونیورسٹی کا قیام بھی ممکن بنایا جائے گا۔ مساجد کی سولرائزیشن کی منظوری پہلے سے دی جاچکی ہے جس کے تحت قبائلی اضلاع میں مساجد کی سولرائزیشن ممکن بنائی جائے گی۔

 اُنہوں نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع میں مائنز اینڈ منرلز کی لیز نئے ایکٹ کے تحت مقامی افراد کو دی جائے گی۔صوبائی حکومت ایک سال تک قبائلی اضلاع کیلئے جامع اور دوررس منصوبہ بندی کے عمل سے گزر رہی تھی،ہم نے قبائلی اضلاع کی دیر پا ترقی کیلئے اس منصوبہ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے ضلع باجوڑ میں اپنے ایک روزہ دورے کے دوران  ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 دورے کے دوران صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان،رکن صوبائی اسمبلی وڈیڈک چیئرمین سوات فضل حکیم خان، ایم پی ایز انور زیب، اجمل خان ایم این ایز گل داد خان اور گل ظفر خان و دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی ترقی کیلئے دن رات اقدامات اُٹھار ہے ہیں۔ عمران خان کبھی بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے وژن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طور پر کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے ہیں تاکہ ترقی سے محروم اضلاع کو دیر پا ترقی جلدممکن ہو سکے۔ اسی تناظر میں اب تک سب سے زیادہ دورے قبائلی اضلاع کے کئے ہیں تاکہ یہاں پر عوام کی مشکلات کو بخوبی حل کیا جا سکے۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ کونیشنل ایگر کلچر ایمرجنسی پروگرام پر تفصیلی بریفینگ دی گئی